بیجنگ،18مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان عبداللہ بن عبدالعزیز نے کل جمعہ کو بیجنگ میں چینی پارلیمنٹ کے اسپیکر چانگ دیجیانگ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہ نماؤں نے دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور چین اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی’واس‘ کے مطابق چینی اسپیکر سے ملاقات کے دوران شاہ سلمان نے اپنے دورہ بیجنگ کے دوران چینی حکومت کی طرف سے والہانہ استقبال اور بہترین مہمان نوازی پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
شاہ سلمان نے کہا کہ ان کے دورہ چین کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تیز رفتاری اقتصادی ترقی کے مواقع پیدا کرنا، نئی تزویراتی شراکت کی بنیادیں رکھنا اور تمام شعبوں مین ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا ہے۔ چینی حکومت کی طرف سے جس والہانہ محبت اور عزت واحترام کا اظہار کیا گیا ہے اس پر ہم بیجنگ کے بے حد شکر گذار ہیں۔انہوں نے کہا کہ چینی قیادت سے ہونے والی بات چیت میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ مسئلہ فلسطین بھی زیر بحث آیا۔ تنازع فلسطین کے معاملے میں بھی چین اور سعودی عرب کے موقف میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔دوسری جانب اسپیکر دیجیانگ نے خادم الحرمین الشریفین کے دورہ چین کو غیرمعمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے بیجنگ آمد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان کیدورہ چین سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی تعلقات کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی جانب سے شاہ سلمان کو عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ چین بھی خادم الحرمین الشریفین کی اس قدرو منزلت سے بہ خوبی آگاہ ہے۔